تھانہ صدر دیپالپور: سعیدی ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت 3 ارکان گرفتار، ساڑھے 8 لاکھ کا مالِ مسروقہ برآمد

اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں\جانوڈاٹ پی کے) اوکاڑہ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے تھانہ صدر دیپالپور کی حدود میں اہم کامیابی حاصل کی ہے، جہاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خطرناک "سعیدی ڈکیت گینگ” کے 3 ارکان کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت سعید عرف سعیدی (سرغنہ)، عامر اور انوار کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ساڑھے 8 لاکھ روپے مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کر لیا ہے، جس میں 4 موٹر سائیکلیں، نقد رقم اور موبائل فونز شامل ہیں، جبکہ ملزمان سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
دورانِ تفتیش و انٹیروگیشن ملزمان نے دیپالپور اور گردونواح کے علاقوں میں ڈکیتی اور چوری کی درجنوں وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید سنسنی خیز انکشافات اور مزید مالِ مسروقہ کی برآمدگی کے لیے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔



