مکہ دفاعی معاہدہ تینوں ممالک کے امن اور خوشحالی کے لیے اہم سنگِ میل ہے، سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے مابین طے پانے والے تاریخی "مکہ دفاعی معاہدے” کو تینوں برادر ممالک کی سلامتی، ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے ایک انتہائی اہم اور سنہرا سنگِ میل قرار دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے ایک اہم بیان میں سعودی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد، صدرِ جمہوریہ ترکیہ اور وزیراعظمِ پاکستان کی جانب سے مشترکہ مکہ دفاعی معاہدے پر دستخط تینوں ممالک کے مابین قائم گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی نوید و توثیق کرتے ہیں۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے واضح کیا کہ دفاعی و عسکری شعبے میں یہ پیشرفت ان تمام مشترکہ خطرات کا مقابلہ کرنے کے عزم کی نشاندہی کرتی ہے جن سے خطے کا امن، سلامتی اور استحکام متاثر ہوتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ معاہدہ ایک محفوظ اور مستحکم علاقائی ماحول کے قیام کے لیے تینوں ممالک کے مشترکہ سیاسی و اسٹریٹجک عزم کا عکاس ہے، جو آئندہ نسلوں کے لیے ایک محفوظ مستقبل، پائیدار ترقی، اقتصادی خوشحالی اور نئے مواقع کی راہ ہموار کرے گا۔

مزید خبریں

Back to top button