ہنگو اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 10 دہشت گرد ہلاک، کیپٹن حمزہ اکرم شہید

راولپنڈی، پشاور(جانوڈاٹ پی کے) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں خفیہ اطلاعات پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ہنگو میں فتنۃ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی، جس کے دوران بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران دہشت گردوں نے مسجد میں پناہ لے لی اور مسجد کی حرمت کو پامال کرتے ہوئے اسے اپنی پناہ گاہ کے طور پر استعمال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن حمزہ اکرم جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔ شہید کیپٹن حمزہ اکرم کی عمر 27 سال اور تعلق ضلع نارووال سے تھا۔

کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے۔ ہنگو میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ردُّ الفتنہ 3 کے دوران بلوچستان کے علاقوں کمبیلہ اور عاصم آباد میں فتنۃ الہندوستان کے 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 کی لاشیں برآمد کی گئیں۔

سکیورٹی فورسز نے سرچ اینڈ سینیٹائزیشن آپریشن کے دوران 68 مربع کلومیٹر علاقہ کلیئر کر لیا۔ کارروائی میں 4 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے، جن میں دہشت گرد سرغنہ شوکت ماما بھی شامل ہے، جبکہ 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کر دی گئیں اور فتنۃ الہندوستان کے جھنڈے بھی ہٹا دیے گئے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن ردُّ الفتنہ 3 پوری قوت کے ساتھ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگو میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے کیپٹن حمزہ اکرم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ ملک کے دفاع، امن اور سلامتی کے لیے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کیپٹن حمزہ اکرم کی شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہید کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button