محمد بن سلمان اور ایمانویل میکرون کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال اور بحری سلامتی پر اہم تبادلۂ خیال

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور فرانس کے صدر ایمانویل میکرون کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال، علاقائی امن و استحکام اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے جاری سفارتی کوششوں کا جائزہ لیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون کے ذریعے علاقائی استحکام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

گفتگو کے دوران بحری جہاز رانی کی سلامتی، بین الاقوامی سمندری راستوں پر آزادانہ اور محفوظ آمدورفت کو یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا، جبکہ عالمی تجارت کے لیے محفوظ بحری گزرگاہوں کے کردار پر اتفاق کیا گیا۔

ٹیلیفونک رابطے میں سعودی عرب اور فرانس کے درمیان دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کیا اور رابطوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

مزید خبریں

Back to top button