پنجاب اور اسلام آباد میں مزید بارش کا امکان، دیامر میں سیلابی ریلوں سے تباہی، شاہراہِ قراقرم بند


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) محکمہ موسمیات نے آج پنجاب اور اسلام آباد میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر بھی بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں موسلادھار بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی ریلوں نے مختلف علاقوں میں شدید تباہی مچا دی ہے۔ وادی نیاٹ، لوشی، بابوسر اور گیس بالا سمیت متعدد علاقے متاثر ہوئے ہیں، جہاں انتظامیہ امدادی اور بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔
سیلابی صورتحال کے باعث گینی کے مقام پر شاہراہِ قراقرم ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے، جبکہ چترال کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں یوسی بروز، گرم چشمہ، شاشا اور گمبس گول میں بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
انتظامیہ کے مطابق مستوج۔گلگت روڈ کو چھوٹی گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بحال کر دیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔