آزاد کشمیر انتخابات مسترد، بدترین دھاندلی، نتائج عوامی مینڈیٹ کی عکاسی نہیں کرتے، پیپلز پارٹی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبینہ طور پر دھاندلی زدہ قرار دیا ہے اور انتخابی عمل کی شفافیت پر سوالات اٹھائے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر بخاری نے کہا کہ تین مرحلوں میں انتخابات کرانے سے مبینہ دھاندلی کی بنیاد رکھی گئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض پولنگ اسٹیشنز پر ٹرن آؤٹ 90 فیصد سے بھی تجاوز کر گیا، جس پر سنجیدہ سوالات جنم لیتے ہیں۔

نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ پارٹی نے انتخابی بے ضابطگیوں سے متعلق الیکشن کمیشن کو متعدد بار آگاہ کیا، تاہم ان کے بقول اس پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سیاسی میدان نہیں چھوڑے گی اور مسلم لیگ (ن) کا جمہوری انداز میں مقابلہ جاری رکھے گی۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری لطیف اکبر نے الزام عائد کیا کہ ان پر حملہ کیا گیا اور پارٹی کارکنوں کو بعض پولنگ اسٹیشنز تک پہنچنے سے روکا گیا۔

سابق اپوزیشن لیڈر چودھری یاسین نے بھی انتخابات پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ایک سال قبل ہی آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کے دعوے کر رہی تھی، جس سے انتخابی عمل پر مزید سوالات پیدا ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ الزامات پیپلز پارٹی کی جانب سے عائد کیے گئے ہیں، جبکہ الیکشن کمیشن یا دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے ان الزامات پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

مزید خبریں

Back to top button