راجہ فاروق حیدر کا پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام، وزیراعظم آزاد کشمیر کا فیصلہ نواز شریف کریں گے

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ فاروق حیدر نے عام انتخابات کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی پر مبینہ دھاندلی، انتظامی مشینری کے استعمال اور ووٹروں پر اثرانداز ہونے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

چکار پہنچنے پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے مبینہ طور پر پیسے کے زور پر لوگوں کے ضمیر خریدنے کی کوشش کی، تاہم عوام نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے ترقی اور خوشحالی کے وژن پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا اور پاکستان کا حصہ بنے گا۔ ان کے بقول آزاد کشمیر میں نظریۂ پاکستان کے فروغ، امن، استحکام اور بھائی چارے کے قیام کے لیے نئی حکومت کو مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

راجہ فاروق حیدر نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے انتخاب کا حتمی فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کریں گے اور ان کا ہر فیصلہ کشمیر کی بہتری، ترقی اور خوشحالی کے مفاد میں ہوگا۔

الیکشن میں کامیابی کے بعد راجہ فاروق حیدر جب اپنے آبائی علاقے چکار پہنچے تو کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان و پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔

مزید خبریں

Back to top button