عبداللہ طاہر قتل کیس میں بڑا انکشاف، ڈرائیور کو ٹک ٹاکر لڑکی کے ذریعے مبینہ ہنی ٹریپ کیا گیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پی ٹی آئی کے رہنما عبداللہ طاہر قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزمان نے مقتول کی نقل و حرکت معلوم کرنے کے لیے ان کے ڈرائیور کو ایک 22 سالہ ٹک ٹاکر لڑکی کے ذریعے مبینہ طور پر ہنی ٹریپ کیا۔

پولیس تفتیش کے مطابق ملزمہ نے ٹک ٹاک کے ذریعے عبداللہ طاہر کے ڈرائیور اصغر سے پہلی بار رابطہ کیا، جو قتل کے واقعے سے تقریباً دو ماہ قبل کیا گیا تھا۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ ہنی ٹریپ کے بعد لڑکی عبداللہ طاہر کی نقل و حرکت اور معمولات سے متعلق معلومات حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

ذرائع کے مطابق واردات کے روز کلینک پہنچنے کے بعد ڈرائیور اور ملزمہ کے درمیان ویڈیو کال بھی ہوئی، جس کے دوران مبینہ طور پر عبداللہ طاہر کی کلینک میں موجودگی اور ان کے ساتھ سکیورٹی گارڈز نہ ہونے کی تصدیق کی گئی۔

تحقیقات کے مطابق اس دوران مبینہ شوٹرز گرو مانگٹ روڈ پر موجود تھے، جبکہ مقتول کی ریکی کے لیے ڈرون کیمرہ بھی استعمال کیا گیا۔

سی سی ڈی پولیس نے ڈرائیور سے پوچھ گچھ کی، جس میں اس نے مبینہ طور پر ہنی ٹریپ ہونے کی تصدیق کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم واقعے کے مرکزی مبینہ شوٹر ارسلان کو تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

مزید خبریں

Back to top button