پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان توانائی کے شعبے میں اسٹریٹجک تعاون کانیامعاہدہ

لاہور(جانوڈاٹ  پی کے)پاکستان اور ڈنمارک میں توانائی کے شعبے میں اسٹریٹجک تعاون کا نیا معاہدہ طے پا گیاہے، اور قابلِ تجدید توانائی، قومی گرڈ اور طویل المدتی منصوبہ بندی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے، ڈنمارک پاکستان کو جدید تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔

پاکستان اور ڈنمارک نے توانائی کے شعبے میں اسٹریٹجک سیکٹر کوآپریشن پروگرام کے تحت مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے۔ سیکرٹری پاور ڈویژن ڈاکٹر فخرِ عالم عرفان اور ڈنمارک کی سفیر ماجا ڈیروس مورٹینسن نے معاہدے پر دستخط کیے جبکہ تقریب میں وزیر توانائی اویس لغاری بھی شریک ہوئے۔

پاور ڈویژن کے مطابق معاہدے کے تحت قابلِ تجدید توانائی کو قومی گرڈ میں مؤثر انداز میں شامل کرنے، طویل المدتی توانائی منصوبہ بندی اور صنعتی شعبے میں توانائی کی استعداد بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کام کیا جائے گا۔ ڈنمارک پاکستان کو توانائی کے شعبے میں جدید تکنیکی معاونت بھی فراہم کرے گا۔

اعلامیے کے مطابق اس معاہدے سے پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان حکومت سے حکومت تعاون مزید مستحکم ہوگا جبکہ قومی موسمیاتی اہداف کے کم لاگت اور مؤثر حصول میں بھی مدد ملے گی۔ ڈنمارک کے ماہرین وفاقی توانائی اداروں کی تکنیکی اور ادارہ جاتی صلاحیت بڑھانے میں معاونت فراہم کریں گے۔

مزید خبریں

Back to top button