پنجاب میں ‘اپنی چھت اپنا گھر’ منصوبے کے تحت 231 ارب سے زائد کے قرضے جاری، 1 لاکھ سے زائد گھر مکمل

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پنجاب حکومت کے زیرِ اہتمام مستحق خاندانوں کو باوقار رہائش کی فراہمی کے لیے شروع کیے گئے ‘اپنی چھت اپنا گھر’ پروگرام کی تفصیلی رپورٹ اور اعداد و شمار جاری کر دیے گئے ہیں۔
محکمہ ہاؤسنگ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں اس منصوبے کے تحت اب تک مجموعی طور پر 231 ارب روپے سے زائد کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔ اس پروگرام کے ذریعے 1 لاکھ 8 ہزار 977 گھروں کی تعمیر کا کام مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ 26 ہزار 128 گھروں کی تعمیر کا عمل اس وقت جاری ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ‘اپنی چھت، اپنا گھر’ پروگرام کے لیے اب تک کل 14 لاکھ 26 ہزار 556 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ مزید برآں، 7 ہزار 740 نئے قرضے اجرا کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں جن کے تحت جلد ہی 14 ارب روپے کی رقم تقسیم کی جائے گی۔
محکمہ ہاؤسنگ کا کہنا ہے کہ شہریوں کو بلا تعطل قرضوں کی فراہمی کے لیے ایک شفاف، آسان اور ڈیجیٹل نظام نافذ کیا گیا ہے۔ حکومتِ پنجاب شہریوں کو ان کی ذاتی اور باوقار چھت فراہم کرنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔



