پیپلز پارٹی نے اتحادی حکومت کے لیے 2.5، 2.5 سال کا فارمولا تجویز کیا تھا، حذیفہ رحمان کا انکشاف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر مملکت برائے قومی ورثہ و ثقافت حذیفہ رحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے حکومت تشکیل دینے کے وقت 2.5، 2.5 سال کے فارمولے کی تجویز دی تھی۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حذیفہ رحمان نے بتایا کہ جب ن لیگ کی جانب سے پیپلز پارٹی کو کابینہ میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی، کیونکہ دونوں جماعتیں ماضی میں بھی 16 سے 18 ماہ مل کر حکومت چلا چکی تھیں، تو پیپلز پارٹی نے کابینہ کا حصہ بننے سے انکار کر دیا۔ اس کے بجائے پیپلز پارٹی نے تجویز پیش کی کہ دونوں جماعتیں ڈھائی ڈھائی سال کے لیے حکومت کی باگ ڈور سنبھالیں۔
وزیر مملکت کے مطابق حکومت نے اس تجویز کے جواب میں شرط رکھی کہ اگر 2.5، 2.5 سال کا فارمولا نافذ کرنا ہے تو پھر صدارت، چیئرمین سینیٹ اور حکومتِ بلوچستان کی مدت بھی اسی تناسب سے مقرر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس شرط پر پیپلز پارٹی پیچھے ہٹ گئی اور آصف علی زرداری نے واضح کیا کہ وہ پورے 5 سال کے لیے ہی صدر رہیں گے، جس کے بعد اس فارمولے پر بات ختم ہو گئی۔



