عمران خان اور بشریٰ بی بی سے جیل ملاقات کے لیے ‘نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی’ کا اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے رہنماؤ ں نے بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔

رخواست سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، سابق گورنر عمران اسماعیل، محمود مولوی اور بیرسٹر سیف کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے، جس میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری ہوم پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزاروں نے جیل حکام کے مبینہ نامناسب رویے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی مسلسل گرتی ہوئی صحت کے باعث شدید تشویش لاحق ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی کے اہلِ خانہ، دوستوں اور قریبی رشتہ داروں کو کئی ماہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، جس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں کو ہوا مل رہی ہے اور عوام میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔

موقف اپنایا گیا کہ ملاقات پر پابندی آئین کے آرٹیکل 9 اور 14 کے علاوہ اقوامِ متحدہ کے نیلسن منڈیلا رولز کی بھی خلاف ورزی ہے۔ لہٰذا ‘پاکستان پریزن رولز 1978’ کے تحت اڈیالہ جیل میں ملاقات اور انٹرویو کی اجازت کا حکم دیا جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ان کی مرضی کے بغیر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ممکن نہیں، لیکن وہ گفتگو کے ذریعے معاملات آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اسٹیبلشمنٹ کو ان کی بات سننی پڑے گی اور عمران خان کو بھی ان کا نقطہ نظر سمجھنا ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button