کراچی: یلو لائن بی آر ٹی منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے کا حکم، شرجیل میمن کی تمام یوٹیلٹی رکاوٹیں فوری دور کرنے کی ہدایت

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) سندھ حکومت نے کراچی کے شہریوں کے لیے اہم ٹرانسپورٹ منصوبے ‘یلو لائن بی آر ٹی’ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔

یہ ہدایات سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت منعقدہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے ایک اہم اجلاس کے دوران دی گئیں، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، پراجیکٹ ڈائریکٹر کمال دایو اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران یلو لائن منصوبے کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تعمیراتی سرگرمیاں منصوبہ بندی کے مطابق جاری ہیں اور امید ہے کہ آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی تک منصوبے کے ڈپوز مکمل کر لیے جائیں گے۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ منصوبے میں تاخیر سے بچنے کے لیے تمام یوٹیلٹی شفٹنگ، ری لوکیشن اور دیگر رکاوٹوں کو پیشگی اور ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطہ کاری مضبوط بنانے کی تاکید کی اور عوام کی سہولت کے لیے ‘تاج حیدر پل’ کے دوسرے حصے کا کام بھی جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ یلو لائن بی آر ٹی کی بروقت تکمیل سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

مزید خبریں

Back to top button