وزیر اعظم شہباز شریف سے جائیکا کے صدر کی ملاقات، جاپان کے ساتھ سات دہائیوں پر محیط دیرینہ شراکت داری کو وسعت دینے کا عزم

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (JICA) کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکیہیکو کی قیادت میں 9 رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و ترقیاتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، جاپان اور جائیکا کے ساتھ سات دہائیوں پر محیط دیرینہ شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صدر جائیکا کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔ وزیر اعظم نے حکومتی اصلاحات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ مشکل معاشی چیلنجز پر ٹیم ورک کے ذریعے قابو پایا گیا ہے اور اب پائیدار معاشی ترقی کے لیے اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے، جس کے نتیجے میں صرف تین برسوں میں سرکاری محصولات میں دگنا اضافہ ہوا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر و تکنیکی تربیت، باعزت روزگار کی فراہم، خواتین کو بااختیار بنانا اور معدنیات کے شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، اور اس سلسلے میں جائیکا کے تکنیکی تعاون کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کے فروغ کے لیے ‘سمیڈا’ (SMEDA) میں اصلاحات کی گئی ہیں اور جائیکا کا سمیڈا کے ساتھ تعاون برآمدات میں اضافے کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ وزیر اعظم نے جاپان میں حالیہ زلزلے میں ہونے والے قیمتی جانوں کے نقصان پر بھی گہرے افسوس کا اظہار کیا۔
جائیکا کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکیہیکو نے شاندار مہمان نوازی اور زلزلے پر اظہارِ ہمدردی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جائیکا کی تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جائیکا صحت، تعلیم، شہری و دیہی ترقی، فنی و تکنیکی تربیت اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ترجیحات کے مطابق اس اشتراک کو مضبوط بنایا جائے گا۔ علاوہ ازیں، صدر جائیکا نے مشرقِ وسطیٰ میں امن قائم کرنے کے لیے پاکستان اور اس کی قیادت کی کوششوں کو سراہا۔
اس اہم اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، حنیف عباسی، سردار اویس احمد خان لغاری، شزا فاطمہ خواجہ، معاونینِ خصوصی سید طارق فاطمی اور ہارون اختر سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔



