پاکستان ویمنز ٹیم ون ڈے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی سری لنکا سے ہار گئی

دمبولہ(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو دورہ سری لنکا میں ون ڈے سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی شکست ہو گئی۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نیدر لینڈز کے خلاف واحد میچ جیتنے والی پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم کو فاطمہ ثنا کی قیادت میں سری لنکا کے خلاف  3 ون ڈے میچوں کی سیریز میں 1-2  سے شکست ہوئی ۔

جس کے بعد اب منیبہ علی کی قیادت میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے والی قومی ٹیم کو بھی سری لنکا کے ہاتھوں 1-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے دمبولہ میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں میزبان سری لنکا کو 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 113 رنز تک محدود رکھا۔

جواب میں پاکستانی ویمنز ٹیم نے19 ویں اوورکی دوسری گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کرکے  میچ 4  وکٹ سے جیتا ،لیکن اس کامیابی کا سیریز کے نتیجے پر کوئی اثر نا پڑا۔

پاکستان  ویمنز کرکٹ ٹیم کو دمبولہ میں ابتدائی دونوں ٹی ٹوئنٹی میں 6،6  وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس سے قبل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے ہمبنٹوٹا میں 5 وکٹ سے ضرور کامیابی حاصل کی،البتہ اگلے دونوں میچوں میں ویمنز کرکٹ ٹیم کو سری لنکا کے ہاتھوں 8، 8 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستان نے تینوں میچوں میں ایک ہی ٹیم میدان میں اتاری۔

ورلڈ کپ میں ٹیم سے ڈراپ کی جا نے والی دائیں ہاتھ کی بیٹر سدرہ امین نے ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کیساتھ 217 رنز بنائے۔دوسری کامیاب بیٹر گل فیروز تھیں جنہوں نے ایک نصف سنچری کی مدد سے 145 رنز اسکور کیے۔پاکستان کی کوئی اور بیٹر 3 ون ڈے میچوں کی سیریز میں 100 رنز کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکی۔

بولنگ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی مایوس کن پرفارمنس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ 3 میچوں میں نشرح سندھو نے 4  اور کپتان فاطمہ ثنا صرف 3وکٹیں اپنے نام کر سکیں۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان نے 3 میچوں میں 14 کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا۔ سیریز کی واحد نصف سنچری بنانے والی شوال ذوالفقار 132 رنز کیساتھ نمایاں رہیں۔

کپتان منیبہ علی نے 106 رنز بنائے۔باقی کوئی بیٹر 100 رنز 3 میچوں میں بنانے میں ناکام رہیں ،بولنگ میں ام ہانی چار اور نشرح سندھو 3 وکٹ حاصل کر سکیں ۔

مزید خبریں

Back to top button