چترال میں گلیشیئر پھٹنے اور کلاوڈ برسٹ سے تباہ کن سیلاب، 2 افراد جاں بحق

چترال(جانوڈاٹ پی کے)چترال کے طول وعرض میں گلیشیرز کے پھٹ جانے اور کلاوڈ برسٹ سے درجن سے زیادہ مقامات پر سیلاب آیا جس میں دو افراد جاں بحق ہوگئے، علاقے میں کاروبار زندگی معطل ہے ۔ چترال پشاور مین شاہراہ اور چترال شندور روڈ سیلاب برد اور پلوں کے ٹوٹ جانے کی وجہ سے ہرقسم کی ٹریفک کے لئے بند ہوگئے ہیں ۔
ریسکیو نے ایک لاش دریائے چترال سے نکال لی جس کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ دوسرے شخص کی لاش کی تلاش جاری ہے ۔ علاقے میں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروس چوبیس گھنٹے بعد جزوی چور پر بحال ہوگئی ۔ چترال پشاور روڈ پر واقع گاؤں بروزکے مقام پر کلاوڈ برسٹ سے گمبس گول اور بروز گول میں خوفناک سیلابی ریلے آئے جوکہ پلوں کو بہالے جاکر چترال کا رابطہ ملک سے منقطع کردیا جبکہ ان مقامات پر سیلاب سے فائبر آپٹک لائن بھی ٹوٹ گئی ۔
لوئر چترال کی وادی کریم آباد میں سیلاب نے ایک درجن کے قریب پلوں کو بہا کر لے گئی ہے جس سے ندی کے آر پار رہنے والوں کا ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ منقطع ہوگیا ۔ پریت گول میں بھی اونچے درجے کاسیلاب آیا لیکن ندی کے گہرائی میں واقع ہونے سے گاؤں میں سیلابی ریلے داخل نہ ہوسکے جبکہ سیلابی ریلے نے دریائے چترال کی بہاؤ کو کئی گھنٹوں تک روکے رکھا۔ چترال مستوج شندور روڈ بھی کوراغ کے مقام سیلاب برد ہونے مسافر انتہائی مشکلات کا شکار ہیں۔



