وزیراعلیٰ پنجاب کا تاریخی اقدام: وہاڑی میں 172 بے روزگاروں میں زرعی اراضی کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم

3 سے 5 ایکڑ زمین 10 سالہ لیز پر الاٹ، زمین کی تیاری کے لیے 50 ہزار روپے فی ایکڑ گرانٹ کا بھی اعلان

وہاڑی (رپورٹ: محمد ریحان خالد سندھو / جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دیہی روزگار اور زرعی ترقی کے ویژن کے تحت ضلع وہاڑی میں بے روزگار افراد میں زرعی اراضی تقسیم کرنے کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے تحت شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے سو سے زائد خوش نصیبوں میں زمین الاٹ کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق، اس اسکیم کے تحت ضلع وہاڑی سے 3 ہزار سے زائد بے روزگار نوجوانوں اور شہریوں نے درخواستیں جمع کروائی تھیں۔ تمام درخواستوں کی چھان بین کے بعد مکمل شفاف اور منصفانہ قرعہ اندازی کے ذریعے 172 بے روزگار خوش نصیبوں کو منتخب کیا گیا، جن میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔

حکومتی پالیسی کے مطابق منتخب افراد کو 3 ایکڑ سے 5 ایکڑ تک زرعی اراضی 10 سال کی لیز پر فراہم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، حکومتِ پنجاب بنجر زمین کی بحالی اور کاشت کاری کے اخراجات میں مدداور معاونت کے لیے الاٹیوں کو 50 ہزار روپے فی ایکڑ مالی گرانٹ بھی دے گی۔

اس موقع پر تقریب کے شرکاء کا کہنا تھا کہ شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے دیہی علاقوں کے بے روزگار افراد کو زمینوں کی فراہمی سے نہ صرف معاشی خودکفالت حاصل ہوگی بلکہ ضلع میں زرعی پیداوار میں بھی نمایاں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔

زرعی اراضی حاصل کرنے والے شہریوں نے اس انقلابی قدم پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور اسے غریب پرور اقدام قرار دیا۔

مزید خبریں

Back to top button