پی سی بی نے جنوبی افریقہ کے مائیکل سمتھ پاکستان کے نئے بیٹنگ کوچ مقرر

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ کی خامیوں کو دور کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے جنوبی افریقہ کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر مائیکل سمتھ کو قومی ٹیم کا نیا بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق 46 سالہ مائیکل سمتھ کو اگلے 2 سال کے لیے معاہدے کے تحت ریڈ بال (ٹیسٹ) اور وائٹ بال (ون ڈے و ٹی 20) دونوں فارمیٹس کی بیٹنگ کوچنگ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
مائیکل سمتھ کا شمار کرکٹ کے ماہر اور جدید کوچنگ سے آراستہ ناموں میں ہوتا ہے۔ وہ اعلیٰ ترین ‘لیول فور’ کوچنگ کوالیفکیشن رکھتے ہیں اور اس سے قبل ایچ بی ایل پی ایس ایل (HBL PSL) کی تین مختلف فرنچائزز کے علاوہ ہوبارٹ ہریکینز اور کرکٹ تسمانیہ کے ساتھ بھی بطور بیٹنگ کوچ کام کر چکے ہیں۔
بطور کھلاڑی بھی ان کا ریکارڈ شاندار رہا ہے، جہاں انہوں نے فرسٹ کلاس، لسٹ اے اور ٹی 20 کرکٹ میں مجموعی طور پر 7 ہزار 29 رنز بنائے، جس میں 9 دلکش سنچریاں اور 40 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے بیٹنگ کوچ مائیکل سمتھ انگلینڈ کے خلاف آنے والی اہم ٹیسٹ سیریز سے قبل ہی قومی ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 19 اگست سے ہو رہا ہے۔



