اسرائیل نے جنوبی لبنان میں ممنوعہ فاسفورس بم برسا دیئے

بیروت(جانوڈاٹ پی کے)قابض اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے خلاف ملٹری آپریشن کے نام پر لبنان کے جنوبی علاقوں میں بنیادی انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے ظلم و بربریت کی انتہا کردی۔
لبنان کے سرکاری خبر رساں ادارے نیشنل نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر رات گئے وائٹ فاسفورس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں زیتون کے باغ اور صنوبر کے جنگلات میں آگ لگ گئی۔
سرکاری نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب اسرائیلی فورسز نے جن علاقوں کو سفید فاسفورس کے گولوں سے نشانہ بنایا۔ اُن میں یارون، ہارون اور بنت جبیل شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسی رات ایک بجے کے فوراً بعد اسرائیلی جنگی طیاروں نے نبطیہ الفوقہ کے مضافاتی علاقے پر بھی فضائی حملہ کیا جبکہ ایک اسرائیلی ڈرون نے بیوت الصیاد کے مقام پر ایک صوتی بم بھی گرایا۔
لبنان کی سرکاری نیوز ایجنسی کے اس دعوے پر اسرائیل نے تاحال فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا تاہم صیہونی فوج غزہ کے بعد اب لبنان میں حزب اللہ کے خلاف سخت فوجی ایکشن میں مصروف ہے۔
علاوہ ازیں جب ان الزامات پر اسرائیلی فوج سے مؤقف لینے کی کوشش کی گئی تو اسرائیلی حکام کی جانب سے باضابطہ طور پر نہ تو تردید اور نہ ہی تصدیق کی گئی۔



