خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں اورسہولت کاروں کاخاتمہ اولین ترجیح ہے،فیصل کریم کنڈی

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور پولیس نے خیبر پختونخوا میں امن کے قیام کے لیے قیمتی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام ادارے ایک صفحے پر ہوں تو امن اور ترقی کے عمل کو روکا نہیں جا سکتا۔ صوبے سے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونت کرنے والوں کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے کے مسائل کے حل کے لیے قابلِ عمل حکمت عملی وضع کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے امن و استحکام کے لیے وفاقی حکومت کے تعاون پر اظہار تشکر بھی کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ ایسا ماحول قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں ہر شہری خود کو محفوظ سمجھے اور ترقی کے عمل میں اپنا کردار ادا کرسکے۔ خیبر پختونخوا کو امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کا مثالی صوبہ بنانے کے لیے وفاق اور صوبے کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔



