امریکا ایران کے خلاف دوسری جنگِ عظیم جیسے شدید فوجی حملوں کی صلاحیت رکھتا ہے، امریکی وزیر دفاع

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ امریکی افواج ایران کے خلاف ایسے بڑے اور شدید فوجی حملے کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں جن کی مثال دوسری جنگِ عظیم کے بعد سے کم ہی ملتی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری اپنے ایک اہم بیان میں پینٹاگون کے سربراہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تند و تیز مؤقف کی مکمل توثیق و حمایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکی فوج کو مکمل جنگی تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے اور پینٹاگون کسی بھی ناگہانی صورتحال یا ہنگامی ردِعمل کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ امریکی مسلح افواج مکمل طور پر متحرک ہیں اور صدر کی ہدایات پر فوری کارروائی کے لیے تیار کھڑی ہیں۔

یہ شدید بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان تناؤ انتہائی حساس موڑ پر پہنچ چکا ہے اور دونوں ممالک کی جانب سے سخت بیانات کا تبادلہ جاری ہے۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی متنبہ کیا تھا کہ ضرورت پڑنے پر ایران کے خلاف غیر معمولی طاقت کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب دفاعی اور معاشی تجزیہ کاروں نے انتباہ جاری کیا ہے کہ اس نوعیت کے بیانات سے مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے بادل مزید گہرے ہو سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ کشیدگی باقاعدہ تصادم میں بدلی تو اس کے اثرات نہ صرف خطے کی سلامتی بلکہ عالمی معیشت، خاص طور پر توانائی اور خام تیل کی منڈیوں پر انتہائی منفی مرتب ہوں گے۔ عالمی برادری کی جانب سے دونوں ممالک پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور مسائل کا حل سفارتی راستے سے نکالیں۔

مزید خبریں

Back to top button