براڈ پیک سانحہ: ریسکیو آپریشن جاری، خراب موسم بڑی رکاوٹ، پاک فوج نے 3 میتیں سکردو منتقل کر دیں

سکردو(جانوڈاٹ پی کے) دنیا کی 12ویں بلند ترین چوٹی براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے المناک واقعے میں لاپتہ ہونے والے 10 کوہ پیماؤں میں سے 8 کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے، جبکہ ان کی لاشیں بھی ریکور کر لی گئی ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی سمیت 2 کوہ پیما اب بھی لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ تاہم ریسکیو آپریشن  کے دوران خراب موسم بڑی رکاوٹ بن رہا ہے۔

حکام کے مطابق بین الاقوامی کوہ پیماؤں پر مشتمل 10 رکنی ٹیم کیمپ ٹو سے کیمپ تھری کی جانب روانہ تھی کہ اچانک برفانی تودے کی زد میں آ گئی۔ حادثے کے بعد فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، تاہم خراب موسم اور دشوار گزار راستے امدادی کارروائیوں میں بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے 8 کوہ پیماؤں میں سے 4 کی لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے، جبکہ 3 میتیں پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سکردو منتقل کر دی گئی ہیں۔

ڈرون فوٹیج میں مزید متاثرین کی موجودگی کی نشاندہی کے بعد لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، تاہم خراب موسمی حالات کی وجہ سے امدادی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

صوبائی وزیر سیاحت نیک نام کریم نے کہا ہے کہ لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ کمشنر بلتستان کے مطابق موسم بہتر ہوتے ہی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مزید تیز کر دیا جائے گا۔

گلگت بلتستان حکومت نے براڈ پیک سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button