امریکا کو بڑا دفاعی جھٹکا، 102 ملین ڈالر مالیت کا جدید ایف-35 بی جنگی طیارہ تباہ

کیلیفورنیا میں لینڈنگ سے چند لمحے قبل حادثہ، پائلٹ بحفاظت ایجیکٹ، امریکی فوج نے تحقیقات کا آغاز کر دیا

کیلیفورنیا(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کا جدید ترین ایف-35 بی لائٹننگ II اسٹیلتھ لڑاکا طیارہ امریکی ریاست کیلیفورنیا میں تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا، تاہم پائلٹ بروقت طیارے سے نکلنے میں کامیاب رہا۔

امریکی میرین کور کے جاری کردہ بیان کے مطابق ایک نشست والا ایف-35 بی لائٹننگ II طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے میرین کور ایئر اسٹیشن پر لینڈنگ سے چند لمحے قبل گر کر تباہ ہوگیا۔

حکام کے مطابق پائلٹ نے ہنگامی صورتحال میں ایجیکشن سسٹم استعمال کرتے ہوئے پیراشوٹ کے ذریعے خود کو محفوظ کر لیا۔ حادثے میں اسے معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں، جس کے بعد احتیاطی طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر اور تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔

حادثے کے فوراً بعد امدادی، ریسکیو اور فائر فائٹنگ ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ طیارے کے ملبے میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ اطراف کی خشک گھاس میں بھڑکنے والی آگ بھی بجھا دی گئی۔

امریکی فوج نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم تحقیقاتی ٹیم طیارے کے تکنیکی اور آپریشنل پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے۔

واضح رہے کہ ایف-35 بی لائٹننگ II دنیا کے جدید ترین اسٹیلتھ لڑاکا طیاروں میں شمار ہوتا ہے، جو مختصر رن وے سے اڑان بھرنے اور عمودی انداز میں لینڈنگ کرنے کی منفرد صلاحیت رکھتا ہے۔ اس جدید جنگی طیارے کی مالیت تقریباً 102 ملین امریکی ڈالر بتائی جاتی ہے، جبکہ اسے امریکی میرین کور کے علاوہ برطانیہ اور اٹلی کی مسلح افواج بھی استعمال کرتی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button