محسن نقوی نے جو تجویزدی ہے یہ گھسی پٹی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے جو تجویزدی ہے یہ گھسی پٹی ہے، سندھ کےلوگ قبول نہیں کریں گے۔
بھٹ شاہ میں میڈیا سے بات چیت میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھاکہ محسن نقوی کا بیان سنا ہے، مجھے نہیں پتاان کا اشارہ کس طرف ہے؟
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کی حکومت بھی مسلم لیگ نواز کے پاس ہے، بلوچستان میں کولیشن حکومت، سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے جبکہ کے پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر محسن نقوی سمجھتےہیں کہ نظام نیچے چلاگیا تو وہ تجویز دیں، انہوں نے بہت ساری تجاویزدی ہیں ان میں ایک یہ تجویزگھسی پٹی ہے، سندھ صوفیوں کی دھرتی ہے اور یہاں کےلوگ اسےقبول نہیں کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھاکہ نوجوان اس ملک اور ہمارا مستقبل ہیں، نوجوانوں نےآگےبڑھ کراس ملک کی باگ دوڑسنھبالنی ہے وہ کبھی بھی کاکروچ نہیں، ہم نے کبھی نوجوانوں کو کاکروچ نہیں سمجھا نوجوان ہمارے ملک کاسرمایہ ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملکی ترقی کیلئے نئے انتظامی یونٹوں کے قیام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئےکہا تھاکہ ہم جس سسٹم میں رہ رہے ہیں وہ تباہ ہوچکا ہے، نئے انتظامی یونٹ یا صوبے ہی اس مسئلےکا حل ہیں۔



