ننکانہ صاحب میں گرین الیکٹرک بس سروس کا افتتاح

ننکانہ صاحب (رائے رضوان سلطان\جانوڈاٹ پی کے)ننکانہ صاحب میں گرین الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا، جس کے تحت پہلے مرحلے میں شہریوں کے لیے 11 جدید الیکٹرک بسیں فراہم کر دی گئی ہیں۔

ننکانہ صاحب (رائے رضوان سلطان\جانوڈاٹ پی کے)ننکانہ صاحب میں گرین الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا، جس کے تحت پہلے مرحلے میں شہریوں کے لیے 11 جدید الیکٹرک بسیں فراہم کر دی گئی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق افتتاحی تقریب میں وزیر مملکت ڈاکٹر شذرہ منصب علی ، ڈپٹی کمشنر رعنا حمید، اراکین اسمبلی اور دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر رعنا حمید نے کہا کہ گرین الیکٹرک بس سروس شہریوں کو محفوظ، آرام دہ، جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور صاف ماحول کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ الیکٹرک بس سروس کا کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے تاکہ ہر طبقے کے شہری اس سہولت سے مستفید ہو سکیں، جبکہ بسوں کے روٹس کو بھی جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق گرین الیکٹرک بس منصوبہ جدید پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ اور عوامی سہولت کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جو وزیراعلیٰ پنجاب کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے کہ ہر شہری کو معیاری اور کم لاگت سفری سہولیات میسر ہوں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اراکین اسمبلی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ننکانہ صاحب کے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ "گرین الیکٹرک بس آپ کی اپنی سواری ہے، اس کی حفاظت اور خیال رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔”