فیصل آباد میں گھر کی چھت گر گئی، 2 کمسن بھائی جاں بحق، ماں اور ایک بچہ زخمی


فیصل آباد (جانوڈاٹ پی کے) فیصل آباد کے علاقے تلیانوالہ میں ایک افسوسناک حادثے کے دوران مکان کی چھت گرنے سے 2 کمسن بھائی جاں بحق جبکہ ان کی والدہ اور ایک کمسن بھائی شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 5 سالہ سبحان اور 6 ماہ کا رضوان شامل ہیں، جو چھت گرنے کے باعث ملبے تلے دب گئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا، جبکہ جاں بحق بچوں کی لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئیں۔
پولیس حکام کے مطابق زخمی ہونے والوں میں 6 سالہ احمد اور ان کی والدہ رضوانہ شامل ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ چھت گرنے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔