لاہور میں گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق، 6 زخمی، ریسکیو آپریشن جاری

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) لاہور کے علاقے بھٹہ محمد دین کالونی میں ایک افسوسناک حادثے کے دوران گھر کی چھت گرنے سے 10 افراد ملبے تلے دب گئے، جن میں سے 4 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق سکھ نہر کے قریب واقع گھر کی چھت مٹی اور ٹی آر گارڈر سے تعمیر کی گئی تھی، جو اچانک منہدم ہو گئی۔ حادثے کے نتیجے میں 2 خواتین، ایک مرد اور ایک بچہ جان کی بازی ہار گئے، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
جاں بحق افراد میں 60 سالہ شاہدہ، 52 سالہ ثمینہ، 25 سالہ مجاہد اور 7 سالہ حماد شامل ہیں۔ زخمیوں میں 19 سالہ ثانیہ، 23 سالہ ناصر، 35 سالہ زاہد، 14 سالہ سحر، 50 سالہ شاہد اور 44 سالہ صابر شامل ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ مزید کسی شخص کے ملبے تلے دبے ہونے کے خدشے کے پیش نظر ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔ امدادی کارروائیوں میں ریسکیو کی 6 ایمرجنسی گاڑیاں اور 20 ریسکیورز حصہ لے رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر انتظامی افسران موقع پر پہنچ گئے، جبکہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی۔



