الیکشن میں ن لیگ نے مظلوم کشمیریوں کے ووٹ کے حق پر ڈاکا ڈالا،مریم نواز نے اقتدار کے غرور و تکبر میں خطاب کیا،شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر صوبائی وزیر، وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی گفتگو چوری اور سینہ زوری کی مثال ہے۔

اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا ابھی خطاب سنا، مریم نواز نے اقتدار کے غرور و تکبر میں خطاب کیا، معصوم، الیکشن میں ن لیگ نے مظلوم کشمیریوں کے ووٹ کے حق پر ڈاکا ڈالا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) خیراتی اور فارم 47 کی حکومت پر بیٹھی ہوئی ہے اور یہ بات ملک کے ہر بچے کو معلوم ہے۔ آزاد کشمیر میں بدترین دھاندلی کرکے مینڈیٹ چوری کیا گیا۔

سندھ کے سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں کھلے عام اسلحہ کی نمائش کی گئی،پیپلز پارٹی کے کارکن کو قتل کیا گیا، مریم نواز نے پیپلز پارٹی کے کارکن کے جاں بحق ہونے پر افسوس تک نہ کیا۔

شرجیل میمن نے وزیراعلیٰ پنجاب کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز استعفیٰ دیں اور پنجاب کے کسی بھی حلقے سے الیکشن لڑیں، ہم بھی سندھ کے کسی بھی حلقے سے استعفیٰ دیتے اور الیکشن لڑتے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ مریم نواز پنجاب کے عوام سے پوچھیں کیا انہوں نے آپ کو ووٹ دیا ہے، مریم نواز استعفیٰ دے کر کسی بھی حلقے سے الیکشن لڑ کر دکھا دیں، آپ کے 4،3 ارکان استعفیٰ دیں ہمارے ارکان بھی استعفیٰ دیں گے اور دوبارہ الیکشن لڑیں،دیکھیں عوام کو کس کو ووٹ دیتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ کے عوام ہمیں کامیاب کریں گے جبکہ آپ کے ارکان پنجاب میں ہار جائیں گے، الیکشن لڑ کر دیکھ لیں معلوم ہو جائےگا کہ پنجاب  کے عوام آپ سے کتنی نفرت کرتے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ آپ وہ کرائے دار ہیں جو کرائے پر آئے اور اب خود کو مالک مکان سمجھتے ہیں، کیا وجہ ہے 2024 میں مسلم لیگ (ن)  کو بدترین شکست ہوئی جبکہ 2024 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کو سندھ کے عوام نے پہلے سے زیادہ ووٹ دیئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز اپنا موازنہ پیپلز پارٹی سے نہ کریں،ہماری لیڈر شپ نے ملک اور عوام کیلئے قربانیاں دیں جبکہ آپ کی لیڈر شپ ہمیشہ مشکل وقت میں ڈکٹیٹر سے 10 سال کا معاہدہ کر کے معاہدے کرکے ملک سے بھاگ گئی تھی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ اب بھی مسلم لیگ (ن) کو اقتدار دھاندلی اور دھونس سے ملا ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو اپنا فیصلہ کرنے دیں کیونکہ آپ کے وفاقی وزیر آج صبح تک میرپور میں موجود رہے اور اثرانداز ہوتے رہے ہیں، اس سے پہلے آپ کو کشمیر کبھی یاد نہیں آیا،3 روز پہلے بسیں بھیج دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے آپ کے غیر قانونی اقدامات کو نظرانداز کیا، وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں دباؤ ڈال رہی ہے،یہ الیکشن کمیشن قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button