میرپور بٹھورو میں گنج بحر کینال کو شگاف، 25 ایکڑ دھان کی فصل اور مدرسے کی عمارت زیرِ آب

سجاول(جانوڈاٹ پی کے) ضلع سجاول کی تحصیل میرپور بٹھورو کے قریب گنج بحر کینال میں آر ڈی 63 کے مقام پر تقریباً 10 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا، جس کے باعث بڑی مقدار میں پانی قریبی علاقوں میں پھیل گیا۔

شگاف کے نتیجے میں تقریباً 25 ایکڑ پر کھڑی دھان کی فصل زیرِ آب آ گئی، جبکہ ایک مدرسے کی عمارت بھی پانی کی زد میں آ گئی، جس سے مقامی کاشتکاروں اور رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مقامی ذرائع کے مطابق شگاف پڑنے کے کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود محکمہ آبپاشی کا عملہ موقع پر نہیں پہنچ سکا، جس کے باعث پانی کا بہاؤ مسلسل جاری رہا اور نقصان میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

علاقہ مکینوں اور متاثرہ کاشتکاروں نے مطالبہ کیا ہے کہ نہر کے شگاف کو فوری طور پر بند کیا جائے، نہر کے پشتوں کو مضبوط بنایا جائے اور متاثرہ کسانوں کو ہونے والے نقصان کا مناسب ازالہ کیا جائے تاکہ مزید زرعی اراضی اور املاک کو نقصان سے بچایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button