کالعدم بی ایل اے نے معصوم لوگوں کو تاوان کیلئے اغوا کرنا شروع کردیا

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) سکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے بلوچستان میں اغوا برائے تاوان کی واردات میں ملوث ہو کر ایک کوریئر کمپنی سے ڈھائی کروڑ روپے تاوان طلب کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 24 جولائی کو کالعدم بی ایل اے کے مسلح افراد نے کھڈ کوچہ کے علاقے سے ایک کوریئر کمپنی کا منی ٹرک دو افراد سمیت اغوا کر لیا۔ بعد ازاں 26 جولائی کو مبینہ طور پر مغویوں کو قتل کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کوریئر کمپنی سے ڈھائی کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم بی ایل اے دہشت گردی کے ساتھ ساتھ بینک ڈکیتی، گاڑیاں چھیننے، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان جیسی مجرمانہ سرگرمیوں میں بھی ملوث ہے۔
ذرائع کے مطابق اس نوعیت کی وارداتیں دہشت گردی کی مالی معاونت اور مجرمانہ نیٹ ورکس کی نشاندہی کرتی ہیں، جبکہ ان کا سب سے زیادہ نقصان عام شہریوں، مقامی تاجروں اور بلوچستان کے امن کو پہنچتا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید کہا کہ ایسی کارروائیوں کا مقصد علاقے میں خوف و ہراس پھیلانا اور عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔



