قمبر شہدادکوٹ: گھر میں گھس کر فائرنگ، ماں اور بیٹا قتل، ایک شخص زخمی


لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) قمبر شہدادکوٹ میں مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ماں اور بیٹا جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ بہرام کی حدود میں واقع گاؤں گل محمد چچہ میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 60 سالہ عنایت اور ان کے 32 سالہ بیٹے نظیر چچہ کو قتل کر دیا۔
واقعے میں زخمی ہونے والے شخص کو فوری طور پر ٹراما سینٹر لاڑکانہ منتقل کر دیا گیا، جبکہ مقتولین کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے تحصیل اسپتال پہنچا دی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ رشتہ داری کے تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ ملزمان واردات کے بعد فرار ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور کہا ہے کہ ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔