قصور میں بارش کا پانی دو معصوم جانیں نگل گیا، 10 اور 11 سالہ بچے ڈوب کر جاں بحق

قصور(جانوڈاٹ پی کے) تھانہ راجہ جنگ کے علاقے میں بارش کے بعد جمع ہونے والے پانی میں ڈوب کر دو معصوم بچے جاں بحق ہو گئے، افسوسناک واقعے کے بعد اہلِ علاقہ نے انتظامیہ کی مبینہ غفلت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق راجہ جنگ کے رہائشی ذوالفقار ولد علی انصاری نے ریسکیو ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی کہ اس کا 10 سالہ بھتیجا سعد علی ولد سعید احمد اور 11 سالہ احسان ولد یعقوب (قوم آرائیں) بارش کے کھڑے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی اے ایس آئی علی پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ دونوں بچے بارش کے جمع شدہ پانی میں ڈوبنے کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں بچوں کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد سڑکوں اور گلیوں میں پانی کی بروقت نکاسی نہ ہونے کے باعث یہ المناک حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک سانحات سے بچا جا سکے۔



