دیپال پور: بارش کے دوران کچے مکان کی چھت گر گئی، بیوہ خاتون جاں بحق، 2 افراد زخمی


دیپال پور (محمد اسلم بھٹی/جانو ڈاٹ پی کے) نواحی گاؤں قلعہ سوندھا سنگھ میں بارش کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں کچے مکان کی چھت گرنے سے ایک بیوہ خاتون جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق بارش کے باعث کچے مکان کی چھت اس وقت منہدم ہوگئی جب اس پر زیرِ تعمیر کمرے کا تعمیراتی سامان رکھا ہوا تھا، جس کا اضافی بوجھ چھت برداشت نہ کر سکی۔
حادثے کے نتیجے میں اپنے بھائی کے گھر آئی ہوئی خورشید بی بی ملبے تلے دب کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں، جبکہ ان کے بھائی شفیع محمد اور بھابھی حلیمہ بی بی شدید زخمی ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
علاقہ مکینوں نے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بارشوں کے دوران خستہ حال اور کچے مکانات میں رہنے والے افراد کے لیے حفاظتی اقدامات بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔