ایم کیو ایم کا آج حیدرآباد میں سندھ حکومت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالے گی

حیدرآباد(جانوڈاٹ پی کے) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے آج حیدرآباد میں سندھ حکومت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں سے بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
ایم کیو ایم کے رہنما علی خورشیدی نے کہا کہ حیدرآباد میں نااہل حکومت کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکلیں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت اپنی کارکردگی کے حوالے سے بدترین ناکامی کا شکار ہو چکی ہے، اس نظام کے خلاف بھرپور جدوجہد کرنا ہوگی۔
علی خورشیدی کا کہنا تھا کہ حیدرآباد کے شہری گزشتہ تین ماہ سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں، جبکہ بجلی، تعلیم اور روزگار سمیت بنیادی سہولیات کی بھی شدید کمی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ "حیدرآباد شہر ہے یا ریگستان”، اور کہا کہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر کے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں مؤثر پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام بھی موجود نہیں، جبکہ سندھ حکومت اپنی بنیادی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھنے والوں کو اپنے طرزِ حکمرانی کا جواب دینا ہوگا۔



