190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں 29 جون کو سماعت کیلئے مقرر


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت 29 جون کو مقرر کر دی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق کیس کی سماعت چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ کرے گا۔
اپیلوں میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی نے اپنی سزاؤں کو چیلنج کر رکھا ہے، جبکہ دونوں کی جانب سے توہین عدالت کی درخواستیں بھی عدالت میں زیر سماعت ہیں۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق ہائیکورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایت کی تھی کہ سات روز کے اندر وکالت ناموں پر دستخط کروا کر عدالت میں جمع کرائے جائیں تاکہ قانونی کارروائی میں مزید پیش رفت ممکن ہو سکے۔
قانونی حلقوں کے مطابق 29 جون کی سماعت کیس کے مستقبل کے حوالے سے اہم قرار دی جا رہی ہے، جہاں اپیلوں اور دیگر متعلقہ درخواستوں پر پیش رفت متوقع ہے۔