’’پی ٹی آئی کی پچ چھوڑیں، اپنی پچ پر واپس آئیں، ہم ساتھ کھڑے ہونگے‘‘اختیار ولی کامولانا فضل الرحمان کو سیاسی پیغام

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی اختیار ولی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر زور دیا ہے کہ وہ تحریک انصاف کی خالی کی ہوئی سیاسی جگہ پر کھیلنے کے بجائے اپنی سیاسی پچ پر واپس آئیں، حکومت ان کا ساتھ دے گی اور خیبرپختونخوا کی ترقی کے لیے ان کے دست و بازو بنے گی۔
اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے قانون و انصاف دانیال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اختیار ولی نے ماضی کے سیاسی اتحاد متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کا حوالہ دیا، جس کے سربراہ مولانا فضل الرحمان تھے اور قاضی حسین احمد بھی اس میں شامل تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اتحاد نے پرویز مشرف کے دور میں انہیں وردی میں رہتے ہوئے کئی سال تک آئین معطل رکھنے کی اجازت دی، جبکہ اس دور میں کی جانے والی ترامیم قومی اسمبلی سے منظور اور ان کی توثیق کی گئی۔
اختیار ولی نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کو مجبوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس اقدام کی حمایت کرتی ہے اور صوبے میں امن بحال ہونے تک حمایت جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے خاندان سمیت ان کے اپنے خاندان اور کئی دیگر خاندان بھی دہشت گردی سے متاثر ہوچکے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ چند روز پہلے تک صوبے میں لوگ کھلے عام سفر کرنے سے بھی قاصر تھے، تاہم وہ وقت آئے گا جب پورا خیبرپختونخوا محفوظ ہوگا، کوئی نو گو ایریا نہیں رہے گا، تعلیم اور صحت کا نظام بحال ہوگا، پولیس غیر سیاسی ہوگی اور لینڈ مافیا اور کار لفٹروں کا راج ختم ہوجائے گا۔
معاون خصوصی نے مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان یا پی ٹی آئی کی خالی کی ہوئی سیاسی جگہ پر کھیلتے ہوئے اچھے نہیں لگتے۔ ان کے مطابق مولانا اپنی سیاسی پچ پر واپس آئیں تو حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
اختیار ولی کا کہنا تھا کہ حکومت خیبرپختونخوا اور وہاں کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور ایک خوددار پاکستان کے لیے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہے۔



