ن لیگی قیادت کی اہم بیٹھک، پنجاب کابینہ میں توسیع اور آئینی ترمیم پر مشاورت

اجلاس میں نئے چیئرمین الیکشن کمیشن کی تعیناتی سے متعلق ناموں پر ابتدائی مشاورت کی گئی

مری (ویب ڈیسک): مری کے علاقے ڈونگا گلی میں مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے درمیان ہونے والی طویل فیملی بیٹھک میں پنجاب کابینہ میں توسیع سمیت اہم سیاسی و آئینی امور پر فیصلے کیے گئے۔

نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، آئندہ کی حکمت عملی، اور مجوزہ آئینی ترمیمی بل پر قانون سازی کے امور زیر غور آئے۔ اس موقع پر وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی کارکردگی پر بھی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں نئے چیئرمین الیکشن کمیشن کی تعیناتی سے متعلق ناموں پر ابتدائی مشاورت کی گئی، جب کہ نواز شریف نے اس امر پر زور دیا کہ اہم قومی اور آئینی فیصلوں میں اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے اور ان کی رائے کو مقدم سمجھا جائے۔

نواز شریف نے ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر جانی و مالی نقصانات کا سروے کرایا جائے اور متاثرہ غریب عوام کو فوری ریلیف و معقول معاوضہ فراہم کیا جائے۔

ایکسپریس نیوز ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آئندہ بلدیاتی انتخابات، معاشی پالیسیوں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مجوزہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کابینہ میں مزید وزراء کی شمولیت کے معاملے پر مشاورت مکمل کر لی گئی، جس پر جلد عملدرآمد متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button