میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹس میں تاخیر ختم کرنے کیلئے اہم اقدامات، پراسکیوٹر جنرل پنجاب کا اجلاس

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے پراسکیوٹر جنرل پنجاب عرفان صادق تارڑ کی زیر صدارت میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹس سے متعلق مسائل کے حل اور متاثرین کو بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں محکمہ پولیس، محکمہ ہیلتھ کیئر اینڈ سپیشل ایجوکیشن، سرجن میڈیکو لیگل اور محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ ڈائریکٹر ایڈمن پراسکیوٹر جنرل پنجاب آفس محمد ارشد علی فاروقی بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس کے دوران دور دراز علاقوں میں شہریوں کو میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹس کے حصول میں درپیش مشکلات، طبی معائنے کے بعد فائنل ڈیکلریشن کے مسائل اور میڈیکو لیگل نظام میں موجود دیگر رکاوٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

پراسکیوٹر جنرل پنجاب عرفان صادق تارڑ نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کے ویژن کے مطابق متاثرین کو بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے پولیس، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کو باہمی مشاورت سے میڈیکو لیگل نظام سے متعلق مسائل کا قابل عمل اور مستقل حل تلاش کرنے کی ہدایت کی۔

عرفان صادق تارڑ نے کہا کہ میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹ فوجداری مقدمات میں شواہد اور تفتیش کا اہم جزو ہے، اس لیے سرٹیفکیٹ کے اجرا اور فائنل ڈیکلریشن کے عمل میں غیر ضروری تاخیر انصاف کی فراہمی کو متاثر کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں شہریوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں، جبکہ متعلقہ محکموں کے درمیان بہتر رابطہ کاری سے میڈیکو لیگل نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جاسکتا ہے۔

اجلاس میں متعلقہ محکموں کو باہمی رابطہ کاری کے ذریعے میڈیکو لیگل سرٹیفکیٹس کے بروقت اجرا اور فائنل ڈیکلریشن سے متعلق مسائل کے مستقل حل کے لیے اقدامات جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button