ملک بھر میں شدید بارشوں، ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
پاکستان میں مون سون کا آغاز معمول سے پہلے متوقع ہے

اسلام آباد (ویب ڈیسک): محکمہ موسمیات نے 25 جون سے ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں، ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا نظام رواں سال معمول سے ایک ہفتہ پہلے، یعنی 25 جون سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ عام طور پر مون سون کا آغاز جولائی میں ہوتا ہے اور یہ ستمبر کے وسط تک جاری رہتا ہے، تاہم حالیہ برسوں میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث اس نظام میں غیر معمولی تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں پاکستان کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو چکی ہیں، اور اگلے دو روز میں ان کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
25 جون کو ایک مضبوط مغربی سسٹم شمالی علاقوں میں داخل ہو گا، جو 26 جون سے نمایاں ہو جائے گا۔ اس کے نتیجے میں چاروں صوبوں میں شدید بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
بارش سے متاثرہ علاقے
آزاد کشمیر: وادی نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں 24 جون سے 2 جولائی تک موسلادھار بارش اور گرج چمک کا امکان۔
گلگت بلتستان: دیامر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں 26 تا 29 جون تک بارشیں متوقع۔
وسطی و بالائی پنجاب: 25 جون سے 1 جولائی تک اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، میانوالی، سرگودھا، اور دیگر شہروں میں بارش کا امکان۔
جنوبی پنجاب: 26 سے 28 جون تک بہاولپور، ڈی جی خان، ملتان، مظفرگڑھ، لیہ اور دیگر علاقوں میں بارش کی پیش گوئی۔
خیبرپختونخواہ: 25 جون سے یکم جولائی تک دیر، سوات، چترال، پشاور، کوہاٹ، بنوں، وزیرستان اور دیگر اضلاع میں بارش کا امکان۔
سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات، سوات، مانسہرہ، کوہستان، اسلام آباد اور راولپنڈی کے ندی نالوں میں اچانک سیلاب کا خطرہ موجود ہے، جبکہ کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، کراچی اور حیدرآباد کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سفر سے پہلے موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں۔
ممکنہ نقصانات
تیز بارشوں، آندھی اور بجلی کی چمک کے باعث کچے مکانات، بجلی کے کھمبے، ہورڈنگز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کی ایڈوائزری
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب کی تمام ضلعی انتظامیہ کو مون سون سے نمٹنے کے لیے ہنگامی تیاری کی ہدایت کر دی گئی ہے۔



