پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر قتل کیس، ہنی ٹریپ میں ملوث ٹک ٹاکر سے متعلق اہم انکشافات

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کیس کی تحقیقات میں ہنی ٹریپ کے ذریعے مقتول کو نشانہ بنانے کے معاملے میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

پولیس کے مطابق ہنی ٹریپ میں مبینہ طور پر ملوث ٹک ٹاکر کا نام لاریب ہے، جو سیالکوٹ کی رہائشی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاریب کی شادی عبداللہ طاہر کو قتل کرنے والے شوٹرز گینگ کے سرغنہ سے ہوئی تھی۔

پولیس کے مطابق گینگ لیڈر سے خلع لینے کے بعد لاریب نے دوسری شادی کرلی، تاہم دوسرے شوہر سے علیحدگی کے بعد اس نے دوبارہ شوٹرز گینگ کے سرغنہ سے رابطہ کیا۔

تحقیقاتی حکام کے مطابق گینگ لیڈر نے لاریب کو عبداللہ طاہر کو ہنی ٹریپ کرنے کا پہلا ٹاسک دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی نے عبداللہ طاہر کی تصاویر بھی شیئر کیں، تاہم مقتول کی جانب سے جواب نہ ملنے پر مبینہ طور پر ٹاسک تبدیل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق لاریب کو اس کے بعد عبداللہ طاہر کے ڈرائیور کو ہنی ٹریپ کرنے کا ٹاسک دیا گیا، جس کے ذریعے مبینہ طور پر قتل کے منصوبے کو عملی جامہ پہنایا گیا۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ عبداللہ طاہر کے قتل کی ڈیل 20 کروڑ روپے سے زائد میں طے ہوئی تھی، جبکہ کیس میں ہنی ٹریپ سمیت دیگر پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button