لاہور میں مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بننے والی آذربائیجان کی خاتون نے ملزم کو بے قصور قرار دے دیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور میں مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بننے والی آذربائیجان کی خاتون نے ملزم احمد تنویر کو بے قصور قرار دے دیا۔
آذربائیجان کی خاتون ڈیانا نے نئے ویڈیو بیان میں کہا کہ تنویر نے کسی قسم کی زیادتی نہیں کی ، سمجھ نہیں آرہا کہ پولیس نے تنویر کو کس بنیاد پر گرفتار کیا۔
خاتون نے دیگر 2 ملزمان محسن اور عزیر کو بھی معاف کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ معاملہ مزید آگے نہیں بڑھانا چاہتی۔
ڈی آئی جی ذیشان رضا نے کہا کہ سوشل میڈیا پر متاثرہ لڑکی کا بیان ریکارڈکروا کر کیس کی تفتیش کو متاثرکرنےکی کوشش کی جارہی ہے۔ لڑکی کا دفعہ 164 کے تحت بیان عدالت میں پہلے ہی ریکارڈ ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ لڑکی عدالت میں تین ملزمان کےخلاف زیادتی کا بیان دے چکی ہے۔ 2 گرفتار ملزمان بھی تیسرے ملزم احمد تنویر کے ملوث ہونے کا اعتراف کرچکے ہیں۔
دوسری طرف مبینہ زیادتی کے مقدمے میں نامزد ملزم تنویر کی عبوری ضمانت میں 27 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی۔
احاطہ عدالت میں پولیس اورملزم کے ساتھیوں میں تلخ کلامی اور دھکم پیل ہوئی اس دوران پولیس نے ملزم اور اس کے ساتھیوں کو تھانے منتقل کر دیا۔ وکیل کا کہنا ہے کہ ضمانت کے باوجود ملزم کو حراست میں لیا گیا۔



