لاڑکانہ، قمبر اور شہدادکوٹ کے شہریوں کے لیے بڑی سفری سہولت، پیپلز بس سروس کا نیا روٹ شروع

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے) سندھ حکومت نے عوام کو جدید اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پیپلز بس سروس کا دائرہ کار مزید وسیع کردیا، سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایات پر لاڑکانہ، قمبر اور شہدادکوٹ کے شہریوں کے لیے پیپلز بس سروس کے نئے روٹ کا آغاز کردیا گیا۔
سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز بس سروس کو سندھ کے مختلف شہروں تک وسعت دی جا رہی ہے، نئے روٹ سے لاڑکانہ، قمبر اور شہدادکوٹ کے شہریوں کو جدید پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر آئے گی۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا عزم ہے کہ صوبے کے ہر علاقے کے شہریوں کو جدید پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے۔ عوام کو بہترین، آرام دہ اور سستی سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں پیپلز بس سروس کے مزید روٹس بھی شروع کیے جا رہے ہیں، جس سے پبلک ٹرانسپورٹ کا نیٹ ورک مزید وسیع ہوگا اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی۔
پیپلز بس سروس کے نئے روٹ کے آغاز سے لاڑکانہ، قمبر اور شہدادکوٹ کے شہریوں کو روزمرہ سفر کے لیے ایک نئی پبلک ٹرانسپورٹ سہولت دستیاب ہوگئی ہے۔



