غزہ پر اسرائیلی بمباری، 24 گھنٹوں میں مزید 72 فلسطینی شہید
غزہ کی موجودہ صورتِ حال پر عالمی برادری کی خاموشی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں

غزہ (ویب ڈیسک): غزہ میں اسرائیلی افواج کے تازہ حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 72 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔
اسپتال ذرائع نے عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کو بتایا کہ شہید ہونے والوں میں وہ افراد بھی شامل ہیں جو امدادی خوراک کے حصول کے لیے قطاروں میں کھڑے تھے۔
غزہ میں اسرائیلی بمباری اور گولہ باری کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جس کے نتیجے میں محصور شہری شدید انسانی بحران کا شکار ہو چکے ہیں۔ علاقے میں خوراک، صاف پانی اور طبی سہولتوں کی شدید قلت ہے، جبکہ مسلسل حملوں نے معمولاتِ زندگی مکمل طور پر مفلوج کر دیے ہیں۔
دوسری جانب انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے امدادی قافلوں اور خوراک حاصل کرنے والوں پر حملے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔
غزہ کی موجودہ صورتِ حال پر عالمی برادری کی خاموشی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں، جب کہ مظلوم فلسطینی عوام کی مشکلات ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہیں۔



