عمران خان کے بیٹے پاکستان آنے کو تیار، والد سے ملاقات کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کا فیصلہ

علیمہ خان نے کہا کہ سلمان اور قاسم کا اپنے والد سے ملاقات کرنا ان کا آئینی حق ہے

اسلام آباد (سیاسی رپورٹر): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے تصدیق کی ہے کہ پارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے دونوں بیٹے، سلمان اور قاسم، پاکستان آرہے ہیں اور اپنے والد سے ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا جا رہا ہے۔

عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان، پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا اور بیرسٹر علی ظفر نے میڈیا سے گفتگو میں بیٹوں کی آمد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی والد سے ملاقات کے لیے قانونی راستہ اپنایا جا رہا ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ "سلمان اور قاسم کا اپنے والد سے ملاقات کرنا ان کا آئینی حق ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اس ملاقات میں کوئی قانونی رکاوٹ نہ ہو۔” انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ملاقات کی اجازت کے لیے پٹیشن کسی بھی وقت دائر کی جا سکتی ہے۔

وکلا نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ بیٹوں کی آمد اور قیام کی مکمل تفصیلات فی الحال ظاہر نہیں کی جا سکتیں تاہم ان کا پاکستان آنا طے پا چکا ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور متعدد مقدمات میں سزا اور سماعتوں کا سامنا کر رہے ہیں، جب کہ ان کے بیٹے طویل عرصے سے لندن میں مقیم ہیں اور سیاسی منظرنامے سے دور رہے ہیں۔ ان کی ممکنہ آمد کو پارٹی کے حلقوں میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button