شہری کو ہراساں کرنے کا معاملہ، سی سی پی او لاہور سے مکمل انکوائری رپورٹ طلب

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ نے شہری کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے معاملے پر سی سی پی او لاہور کے خلاف دائر توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے انکوائری کی مکمل رپورٹ طلب کرلی۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ سے مکمل انکوائری رپورٹ طلب کی، جبکہ نامکمل رپورٹ پیش کرنے پر متعلقہ پولیس افسران سے بھی وضاحت مانگ لی۔

دوران سماعت چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ پولیس کے محکمے کی جانب سے کیس میں نامکمل رپورٹ پیش کی گئی ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ نامکمل رپورٹ پیش کرنے والے پولیس ملازمین کے خلاف کیا کارروائی کی گئی؟

چیف جسٹس نے پولیس حکام کے رویے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کی جانب سے طلب کرنا چھوڑ دیا گیا تو کیا پولیس نے ایسا رویہ اختیار کرلیا؟ عدالت نے پولیس افسران کے طرز عمل کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔

اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے درخواست گزار اور اس کے اہلِ خانہ کو تنگ یا ہراساں نہیں کیا جا رہا۔

دوسری جانب درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود تھانہ اچھرہ پولیس اسے اور اس کے اہلِ خانہ کو مبینہ طور پر تنگ اور ہراساں کر رہی ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے سی سی پی او لاہور کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی استدعا کی۔

عدالت نے معاملے کی مکمل انکوائری رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزید کارروائی آئندہ سماعت تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں

Back to top button