سپریم کورٹ: عمران خان کی اپیلوں پر سماعت کرنے والے بینچ میں ایک رکن کا اضافہ
اب یہ سماعت 12 اگست کو چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں ہوگی

اسلام آباد (ویب ڈیسک): سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت کی اپیلوں پر سماعت کے لیے بینچ میں توسیع کرتے ہوئے تین رکنی بینچ تشکیل دے دیا ہے۔ اب یہ سماعت 12 اگست کو چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں ہوگی۔
نئے بینچ میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے ساتھ جسٹس محمد شفیع صدیقی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی شامل ہوں گے۔ قبل ازیں یہ اپیلیں دو رکنی بینچ کے روبرو مقرر تھیں جس میں چیف جسٹس اور جسٹس شفیع صدیقی شامل تھے۔
عدالت عظمیٰ نے آج وکیل سلمان صفدر کی غیر حاضری کے باعث سماعت ملتوی کی۔ وکیل کے بیرون ملک ہونے کے سبب ان کی جگہ وکیل سلمان اکرم راجا عدالت میں پیش ہوئے اور سماعت کے لیے نئی تاریخ اور نوٹس جاری کرنے کی درخواست کی، تاہم عدالت نے یہ استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت 12 اگست تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ عمران خان نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات سے متعلق مختلف مقدمات میں بعد از گرفتاری ضمانت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ یہ واقعات اُس وقت پیش آئے تھے جب عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا تھا۔
گرفتاری کے بعد ملک گیر احتجاج کے دوران لاہور میں جناح ہاؤس (کور کمانڈر کی رہائش گاہ) پر دھاوا بولا گیا، ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو آگ لگائی گئی اور کئی فوجی و سرکاری تنصیبات کو نقصان پہنچایا گیا۔ ان پُرتشدد مظاہروں میں کم از کم آٹھ افراد جاں بحق اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
واقعات کے بعد 1900 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا اور عمران خان سمیت پی ٹی آئی قیادت کے خلاف مختلف مقدمات درج کیے گئے۔ اب سپریم کورٹ ان مقدمات میں عمران خان کی ضمانت کی اپیلوں پر آئندہ سماعت 12 اگست کو کرے گی۔



