خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس 20 جولائی کو طلب
گورنر خیبرپختونخوا نے وزیراعلیٰ کی جانب سے ارسال کردہ سمری پر دستخط کرتے ہوئے اجلاس بلایا

پشاور (ویب ڈیسک): خیبرپختونخوا کے گورنر نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس 20 جولائی کو طلب کر لیا ہے، جس میں حال ہی میں منتخب ہونے والے 25 نئے ارکانِ اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے وزیراعلیٰ کی جانب سے ارسال کردہ سمری پر دستخط کرتے ہوئے اجلاس بلایا۔ اجلاس میں سب سے پہلے نئے ارکانِ اسمبلی سے حلف لیا جائے گا، جس کے بعد ایوان کی دیگر کارروائی شروع ہوگی۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق، نئے ارکان کے حلف کے بعد 21 جولائی کو صوبے میں سینیٹ انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان انتخابات میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان 11 نئے سینیٹرز کا چناؤ کریں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ منتخب ہونے والے سینیٹرز ایوانِ بالا میں 2030 تک اپنی نمائندگی جاری رکھیں گے۔ سینیٹ کی ان نشستوں میں 7 جنرل، 2 خواتین اور 2 ٹیکنوکریٹ نشستیں شامل ہیں۔
متوقع ہے کہ ایوان میں سیاسی سرگرمیاں ان دنوں میں مزید تیز ہو جائیں گی اور حکومت و اپوزیشن کے درمیان مشاورت کا سلسلہ بھی زور پکڑے گا۔



