ترکی دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے: صدر طیب اردوان

صدر اردوان نے اپنے بیان میں کہا کہ ترکی دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے

انقرہ (ویب ڈیسک): ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان اور شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق صدر اردوان نے اپنے بیان میں کہا کہ ترکی دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہر محاذ پر اپنے برادر ملک پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ترکی ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔

یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ہفتے کے روز شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ کیا، جس میں 13 جوان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حملے میں دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی کا استعمال کیا، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے بڑا سانحہ ٹال دیا گیا اور جوابی آپریشن میں 14 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

صدر اردوان نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کا اتحاد دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو اس مشترکہ خطرے کے خلاف مزید قریبی تعاون جاری رکھنا ہوگا تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔

مزید خبریں

Back to top button