بیلجیئم میں کھدائی کے دوران خزانہ برآمد، دیواروں سے کروڑوں کا سونا نکل آیا

بیلجیئم (ویب ڈیسک) بیلجیئم میں سیوریج نظام کے لیے نئے پائپ بچھانے کی غرض سے کھدائی کے دوران تعمیراتی کارکنوں کو کروڑوں روپے مالیت کا سونا مل گیا، جس کے بعد پولیس نے خزانے کے متلاشی افراد کو زیر تعمیر عمارت سے دور رہنے کی تنبیہ کردی۔

یہ حیران کن خزانہ مشرقی فلیمش علاقے کے شہر ڈینڈرمونڈ میں ایک عمارت کی مرمت کے دوران دریافت ہوا۔ کارکنوں نے سونے کی بڑی مقدار دیکھ کر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے اپنے فیس بک صفحے پر تقریباً 50 سونے کی سلاخوں اور سونے کے سکوں کے ڈھیروں کی تصاویر بھی جاری کیں۔

بیلجیئم کے ذرائع ابلاغ کے مطابق تقریباً 90 لاکھ یورو، یعنی 1 کروڑ 4 لاکھ ڈالر مالیت کی سونے کی سلاخیں اور سکے ایک مقامی فلاحی ادارے سی اے ڈبلیو ایسٹ فلینڈرز کی ملکیت مکان کی مرمت کے دوران تہہ خانے کی دیواروں میں چنے ہوئے ملے۔

ایک تعمیراتی کارکن نے بتایا کہ سونا دیکھ کر عملے کا پہلا ردعمل حیرت اور بے یقینی کا تھا۔ ان کے مطابق وہ سیوریج نظام کے لیے پائپ بچھانے کی خاطر زمین کی کھدائی کررہے تھے اور انہیں کسی صورت وہاں سونا ملنے کی توقع نہیں تھی۔

پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے سونے کی فہرست تیار کرکے اسے جلد از جلد وفاقی حکومت کے متعلقہ محکموں کی انتہائی محفوظ تجوری میں منتقل کردیا گیا۔

سونے کی دریافت کے بعد متعدد خزانہ تلاش کرنے والے افراد کے وہاں پہنچنے کی کوشش پر پولیس نے تعمیراتی مقام کو باڑ سے بند کرتے ہوئے لوگوں کو دور رہنے کی ہدایت کی۔ پولیس نے طنزیہ انداز میں کہا کہ سونے جتنا قیمتی مشورہ یہی ہے کہ وہاں جانے کا کوئی فائدہ نہیں۔

پولیس نے سوشل میڈیا پروفائل کی تصویر بھی تبدیل کرکے سونے کے سکے کی تصویر لگا دی اور کہا کہ امید ہے یہ خزانہ صحیح ہاتھوں تک پہنچے گا۔

تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ قانونی طور پر اس خزانے کا مالک کون ہوگا اور آیا کسی فرد یا ادارے کو یہ سونا اپنے پاس رکھنے کی اجازت دی جائے گی یا نہیں۔

مزید خبریں

Back to top button