غزہ مذاکرات میں شرکت کیلئے حماس کے چیف مذاکرات کار خلیل الحیہ قاہرہ پہنچ گئے

قاہرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اور چیف مذاکرات کار خلیل الحیہ غزہ کی صورتحال پر مذاکرات کے لیے قاہرہ پہنچ گئے ہیں۔ حماس ذرائع کے مطابق وہ مصری انٹیلی جنس کے سربراہ حسن رشاد سے ملاقات کریں گے۔
یہ خلیل الحیہ کا جولائی کے اواخر میں حماس کی قیادت سنبھالنے کے بعد مصر کا پہلا دورہ ہے۔ ان کی قاہرہ آمد ایسے وقت میں ہوئی ہے جب غزہ میں جنگ بندی اور آئندہ مرحلے سے متعلق کوششیں جاری ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندے اور داماد جیرڈ کشنر آئندہ ہفتے اسرائیل اور مصر کا دورہ کریں گے، جہاں غزہ سے متعلق امریکی منصوبے پر اختلافات کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ کشنر کے ساتھ غزہ کے لیے امریکی بورڈ آف پیس کے اعلیٰ نمائندے نکولائی ملاڈینوف بھی خطے کا دورہ کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو امریکی منصوبے کے بعض اہم نکات، خصوصاً حماس کے غیر مسلح ہونے اور اسرائیلی فوج کے انخلا سے متعلق تجاویز پر تحفظات رکھتے ہیں، جس کے باعث مذاکرات میں رکاوٹیں برقرار ہیں۔
خلیل الحیہ کی قاہرہ آمد اور کشنر کے متوقع دورے کو غزہ میں جنگ بندی کے اگلے مرحلے اور سیاسی حل کی کوششوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔



